خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 4 خوارج ہلاک کردیئے جبکہ شدید جھڑپ میں قوم کے جانباز بیٹے سپاہی باسط صدیقی نے جان وطن پر نچھاور کردی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی دہشتگردوں کی علاقے میں موجودگی کی اطلاع پر کی گئی اور ہلاک خوارجیوں سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
بیان میں بتایا گیا کہ جھڑپ میں شہید ہونے والے 23 سالہ سپاہی باسط صدیقی کا تعلق ضلع اٹک سے تھا اور بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے حوصلے مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں مزید خوارج کی ممکمنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
صدر مملکت کا خراج تحسین
صدر مملکت آصف زرداری کی جانب سے 4 دہشتگرد ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین اور شہید باسط صدیقی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اس حوالے سے جاری اپنے بیان میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ قوم بہادر شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
آصف زرداری نے شہید سپاہی کی بلندی درجات اور لواحقین کے صبر جمیل کے لیے دعا بھی کی۔