خیبرپختونخوا کے فلیگ شپ منصوبے احساس اپنا گھر اسکیم کا آغاز کردیا گیا۔
معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہاکہ فی کس 15 لاکھ روپے بلاسود قرضہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ کہ قرضہ ان لوگوں کو دیا جائے گا جن کی ماہانہ آمدن ایک لاکھ سےکم ہے اور قرض کی واپسی کی مدت 7 سال ہے جب کہ ماہانہ 18 ہزار روپے ہوگی۔
ڈاکٹر امجد علی کے مطابق قرض ان لوگوں کے لیے ہےجن کے پاس 5 مرلے یا اس سے کم کا پلاٹ یا گھرہو جب کہ قرض کے لیےعمر کی حد 18سے 55 سال ہے۔
اسکیم کا مقصد صوبے کے غریب اور نچلے متوسط طبقے کو بلاسود اور شریعت کے مطابق قرضے فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنا ذاتی گھر تعمیر کر سکیں مرمت کرا سکیں یا بہتری لا سکیں۔
اس منصوبے کو صوبائی ترقیاتی پروگرام کے تحت شامل کیا گیا ہے۔ سکیم کے تحت ابتدائی طور پر 5 ہزار 309 گھروں کی تعمیر کی جائے گی جن پر 4ارب روپے لاگت آئے گی۔
احساس اپنا گھر منصوبے کو اگلے سات سالوں میں 11 ہزار 196 گھروں تک وسعت دی جائے گی اور مجموعی لاگت 8ارب 95کروڑ 70لاکھ تک پہنچے گی۔
درخواست گزار کیلئے کچھ بنیادی شرائط بھی رکھی گئی ہیں۔ درخواست دہندہ کا خیبرپختونخوا کا رہائشی ہونا، عمر 20 سے 50 سال کے درمیان، ماہانہ آمدنی 1 لاکھ 50 ہزار روپے سے کم ہونا ضروری ہے۔
ساتھ ہی درخواست گزار کے پاس شناختی کارڈ، فعال بینک اکائونٹ، پختونخوا ہائوسنگ اتھارٹی کا بیلٹنگ سرٹیفکیٹ یا زمین کی ملکیت کا ثبوت ہونا لازمی ہے۔ منصوبے کیلئے بینک آف خیبر کو سروس فراہم کنندہ ادارہ مقرر کیا گیا ہے، جس کیلئے 13 دسمبر 2024 کو باقاعدہ معاہدہ ہوا منصوبے کی 24 اکتوبر کو کابینہ کے اجلاس میں منصوبے کی منظوری دی گئی اور پی سی ون کو 4ارب روپے کی لاگت سے منظور کر لیا گیا جس کے بعد اب محکمہ ترقی و منصوبہ بندی نے بھی اس کی منظوری دیدی ہے۔