کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر کی بحالی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 20 دن بعد 300 روپے سے نیچے آگیا۔
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 28 پیسے سستا ہوکر 299.88 روپے پر بند ہوا۔ ڈالر بند ترین سطح سے اب تک 7.22 روپے نیچے آچکا ہے۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک میں ڈالر 300 روپے سے نیچے آگیا ہے، ایک موقع پر انٹربینک میں ڈالر ایک روپے 66 روپے سستا ہوکر 299 روپے 50 پیسے پر آگیا تھا۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے نرخ ایک روپے کمی سے 299 روپے پر آگئی، ڈالر اپنی بلند ترین سطح سے اب تک 31 روپے نیچے آچکا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، کرنسی مارکیٹس میں ڈالر کی قیمت کا فرق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کی مقررہ حد سے بھی نیچے آچکا ہے۔
ڈالر کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لئے حکومت نے منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے، یہ نیٹ ورک قومی معیشت کو نقصان پہنچا رہا تھا۔
کریک ڈاؤن کے دوران غیر قانونی معاشی سرگرمیوں میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کی نشاندہی کے بعد ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جارہی ہے۔