وزیرِاعظم شہبازشریف نے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ ملکر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن کیلئے پاک امریکا تعلقات اہمیت کے حامل ہیں۔
پاکستان منرلزانویسٹمنٹ فورم میں شریک امریکی وفد کے سربراہ قائم مقام امریکی نائب وزیرخارجہ برائے جنوبی ایشیا ایرک میئر نے وزیراعظم شہبازشریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے الگ الگ ملاقات کی۔
وزیرِاعظم شہبازشریف سے سینئر امریکی عہدیدار ایرک میئر کی ملاقات میں معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ امریکی وفد نے پاکستان کےشعبہ معدنیات میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے شعبہ معدنیات میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ۔ صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
قائم مقام امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری ایرک میئر نے پاکستان کے شعبہ معدنیات کے وسیع استعداد کا اعتراف کیا اور امریکی کمپنیوں کی جانب سے اس شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ایرک میئر کی ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، دوطرفہ تعاون اور انسداد دہشت گردی پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا امریکی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے امریکی وفد کا دورہ اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ایرک میئر نے مطلوب دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری میں تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ۔ اور امید ظاہر کی کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سرمایہ کاروں کیلئے یکساں مواقع فراہم کرے گا۔ صدرٹرمپ نے بھی منرل اور معدنی وسائل کی اہمیت کو متعدد بار اجاگر کیا ہے۔