پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے ۔
تفصیلات کے مطابق اہل خانہ کا کہنا ہے پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر کراچی کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ ان کی نماز جنازہ کے وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
تاج حیدر 8 مارچ 1942کو کوٹہ، راجستھان،برطانوی ہند میں ایک علمی گھرانے میں پیدا ہوئے، تاج حیدر کے والد پروفیسر کرار حسین اس وقت میرٹھ کالج میں انگریزی ادب کے استاد تھے، 1948میں پروفیسر کرارحسین ہجرت کر کے پاکستان آئے۔
تاج حیدر نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول رنچھور لائنز کراچی سے حاصل کی ، تاج حیدر نے انٹرمیڈیٹ خیر پور کالج سندھ سے کیا اور کراچی یونیورسٹی سے 1962میں بی ایس سی آنرز کیا ۔ انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے ریاضی کے مضمون میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی۔
بلاول بھٹو کا اظہار افسوس
پاکستان پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو نے تاج حیدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر تاج حیدرکی سیاسی،سماجی اور ادبی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا، تاج حیدر تہذیب اور شائستگی کا ایک باوقار پیکر تھے، وہ ایک تخلیقی ذہن کے مالک تھے، تاج حیدر کی جمہوریت کے لئے جدوجہد اور قربانیاں نئی نسل کے لئے ایک مشعل راہ ہیں، تاج حیدر پاکستانی سیاست میں شعور اور دانش کی ایک شناخت تھے، تاج حیدر کے انتقال سے دلی دکھ اور صدمہ ہوا۔
صادق سنجرانی
سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاج حیدر کی وفات کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا ہے، سینیٹر تاج حیدر ایک زیرک سیاستدان اور شفیق انسان تھے، تاج حیدر کی وفات سے پارلیمان ایک متحرک سیاسی رہنما سے محروم ہو گیا۔