پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کے پہلے روز کے اختتام پر وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے شرکاء کے اعزاز میں ایک خصوصی عشائیہ سرینا ہوٹل اسلام آباد میں منعقد کیا گیا۔ عشائیے کا انعقاد 8 اپریل کو کیا گیا جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔
عشائیے میں غیر ملکی شخصیات، وفاقی وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام، اور معدنیات کے شعبے سے وابستہ قومی و بین الاقوامی کمپنیوں کے سی ای اوز، ایم ڈیز اور اعلیٰ سطحی وفود نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر ملکی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے "کلچرل شو" کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا، جسے شرکاء نے خوب سراہا۔ عشائیے کا مقصد ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو آپس میں روابط قائم کرنے کا موقع فراہم کرنا اور پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کو تقویت دینا تھا۔
یہ تقریب پاکستان میں معدنی وسائل کی ترقی کے لیے جاری کاوشوں کا حصہ ہے، جس میں حکومت پاکستان اور وزارتِ پیٹرولیم عالمی سرمایہ کاروں کو شراکت داری کے مواقع فراہم کر رہی ہیں۔