چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اپنی غلطیوں کی وجہ سے دہشتگردی کی لہر جاری ہے،اپنی اندرونی غلطیوں کو درست کرنا پیپلزپارٹی کے ایجنڈے میں رہا ہے،جس کیلئے کام کرتے رہیں گے، ہم نے احساس محرومی دور کرنی ہے،صوبائی خودمختاری پر عمل کرنا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا کہ ہم نے ان درندوں کامقابلہ کرنا ہے جو عوام کے ساتھ خون کی ہولی کھیل رہے ہیں، عالمی سازش کامیاب کرنے کیلئے پاکستان کے عوام کو شہید کیا جا رہا ہے، کے پی میں رمضان میں مسجد میں خودکش دھماکوں سے لوگ شہید کئے جاتے ہیں، بلوچستان میں غریب مزدوروں کو فائرنگ کر کے شہید کیا جاتا ہے، ہمارے قائدین کو لیاقت باغ کی سڑکوں پر خودکش حملوں میں شہید کیا جاتا ہے۔
ان کا کہناتھا کہ کراچی میں بلوچستان کی بہنوں کو خودکش بنا کر استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں، دہشتگرد کبھی مذہب اور کبھی قوم پرستی کے پیچھے چھپتے ہیں، دہشتگرد کا کوئی مذہب اور قوم نہیں ہوتی،یہ کھلونے اور پیشہ ورقاتل ہوتے ہیں، ہم نے پہلے بھی دہشتگردوں کو شکست دی،اب بھی شکست دیں گے، دہشتگردوں کا سیاسی اور عالمی سطح پر مقابلہ کریں گے، دہشتگرد پاکستان سے جنگ چھیڑ چکے ہیں،پاکستانی عوام کو شہید کر رہے ہیں، ہم نے قتل کا جواب دینا ہے،ہم نے آپس کے اختلافات بھولنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پیپلزپارٹی کا ہر کارکن پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، شکایت اپنی جگہ لیکن پیپلزپارٹی کا ہر کارکن پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، اپوزیشن سے اپیل ہے وہ بھی اپنا کردار ادا کرے، سیاست کرنا اپوزیشن کا حق ہے کرتے رہیں، کوئی ایک صوبہ دہشتگردوں ، ان کے پیچھے قوتوں کا مقابلہ نہیں کر سکتا، ہم متحد ہوں گےتو دہشتگردوں کو عبرتناک شکست دلوائیں گے۔
بلاول بھٹو کا کہناتھا کہ حکومت سے طے کیا تھا پی ایس ڈی پی پیپلزپارٹی سے ملکر بنائی جائے گی، پی ایس ڈی پی پر مشاورت کے بغیر بجٹ کیلئے ووٹ نہیں دیں گے، حکومت کے ساتھ بیٹھ کر پی ایس ڈی پی اوربجٹ بنائیں گے، بینظیر بھٹو کا بیٹا ہوں ہمیشہ وفاق کے ساتھ کھڑا ہوں گا اور ہرسازش کو ناکام کراؤں گا ہم پاکستان کھپےکہنے والے ہیں،نہ کھپے کہنے والے نہیں۔