پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس نادہنگان کیخلاف شکنجہ مزید سخت کردیا گیا۔
پراپرٹی ٹیکس کے نادہندگان کی گرفتاریوں اور صوبہ بھر کے ای ٹی اوز کو روزانہ کی بنیاد پر کمرشل اور نیم کمرشل جائیدادیں سربمہرکرنے کی ہدایات دے دی گئیں۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عمر شیر چٹھہ کا کہنا ہے کہ ٹیکس نہ دینےوالوں کیخلاف آپریشن تیس جون تک جاری رہے گا، پراپرٹی مالکان جو بار بار یاد دہانیوں کے باوجود اپنے واجبات ادا نہیں کر رہے گرفتار بھی ہوں گے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق مارچ میں 20 ہزار سے زائد نادہندہ جائیدادوں کو سیل کیا گیا، جن کے ذمہ کروڑوں روپے کا ٹیکس واجب الادا تھا۔
کریک ڈاون کے دوران پانچ روز میں 3,000 سے زائد پراپرٹی مالکان نے ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد ٹیکس جمع کرایا۔ جس کے بعد ان کی جائیدادیں بحال کر دی گئیں۔
ایکسائز حکام کا کہنا ہے وہ جون تک سو فیصد ٹارگٹ حاصل کر یں گے، شہری کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے ٹیکس بروقت جمع کرائیں۔