سعودی شہری دفاع نے خبردار کیا ہے کہ منگل تک مکۃ المکرمہ اور مدینۃ المنورہ سمیت سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔
خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہری دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانے درجے سے موسلا دھار تک بارش اور ژالہ باری کے آثار ہیں، سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ، طائف، الجوم، الکامل، بحرہ، جدہ اور رابغ سمیت مکہ کی کمشنریوں، علاوہ ازیں جازان، عسیر، باحہ، مدینہ منورہ، حائل، تبوک اور الجوف میں گرد آلود تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری اور بارش متوقع ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق شہری دفاع کا کہنا ہے ریاض ریجن میں گرد آلود تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی جبکہ القصیم، نجران اور شمالی حدود ریجن میں بارش کا امکان ہے۔
شہری دفاع نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے پھر اپیل کی کہ وہ محفوظ مقامات تک خود کو محدود رکھیں، احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں، وادیوں اور ایسے نشیبی علاقوں سے جہاں بارش کا پانی جمع ہوتا ہے دور رہیں، نامناسب مقامات پر تیراکی نہ کریں، ذرائع ابلاغ سے موسمی تبدیلیوں کی اپ ڈیٹ حاصل کریں۔
عمرہ زائرین کو مشورے
سعودی وزارت حج و عمرہ نے بارش کے دوران عمرہ زائرین کو چند مفید مشورے دیے ہیں۔
سبق ویب کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ ’ان دنوں بارش کا موسم ہے۔ عمرے کے لیے مسجد الحرام کا رخ کرنے سے قبل زائرین موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہی حاصل کرنے کا اہتمام کریں‘۔
وزارت نے بیان میں کہا کہ ’عمرہ زائرین مسجد الحرام کے خارجی صحن میں پھسلن سے بچاؤ والے چپل استعمال کریں‘۔
’عمرہ زائرین مسجد الحرام آتے وقت چھتری ہمراہ رکھیں اور زائر خواتین برساتی کا استعمال کریں‘۔
واضح رہے حرمین شریفین انتظامیہ نے بھی مسجد الحرام کی خدمت پر مامور متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام میں بارش کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی سکیموں پر عمل درآمد شروع کررکھا ہے۔
حرمین شریفین انتظامیہ کی کوشش ہے کہ عبادت کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔
بارش کے دوران مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کیے جانے کو یقینی بنایا جارہا ہے۔