آج 3 اپریل 2025 کو کشمیری حریت رہنما اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی 59 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
یاسین ملک اس وقت دہلی کے تہاڑ جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں اور وہ کشمیری عوام کے لیے آزادی کی جدوجہد کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔
انہیں 2022 میں ایک جھوٹے ٹیرر فنڈنگ کیس میں سزا سنائی گئی تھی جس کے بعد سے وہ جیل میں ہیں۔
ان کی سالگرہ کے موقع پر کشمیریوں اور ان کے حامیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر پیغامات گردش کر رہے ہیں جن میں ان کی رہائی کے مطالبات اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے بھی ماضی میں ان کی صحت اور رہائی کے لیے آواز اٹھائی ہے۔
یاسین ملک کے چاہنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی زندگی وقف کر چکے ہیں اور ان کی جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
اہلیہ مشعال ملک کا پیغام
یاسین ملک کی سالگرہ کے موقع پر ان کی بیوی مشعال حسین ملک نے ایک جذباتی پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ محمد یاسین ملک کو سالگرہ مبارک، جو دنیا کے سب سے بہادر انسان ہیں! آپ نے اپنے صبر، یقین، زبردست بہادری، بے انتہا قربانیوں اور سچی محبت سے بہت ساری زندگیوں کو متاثر کیا ہے۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ میں آپ کو ظلم، غلامی، ناانصافی اور تکلیف کے خلاف ایک اور سال جیتنے پر مبارکباد دیتی ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ ہر وقت طاقت اور ہمت دکھاتے ہیں، آپ کی زندگی کا سفر آپ کے نڈر جذبے کی گواہی دیتا ہے اور ہمیں آپ کے خاندان ہونے پر فخر ہے۔