پاکستان کو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی صدارت مل گئی۔
اے سی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ورچوئل اجلاس میں پاکستان کو صدارت سونپنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) محسن نقوی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پاکستان کو اگلی مدت کے لیے اے سی سی کی صدارت سونپنے کا فیصلہ ہوا۔
اس کے نتیجے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
دوسری جانب ایشین کرکٹ کونسل نے محسن نقوی کے صدر بننے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
اس حوالے سے اپنے پیغام میں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ایشیا عالمی کرکٹ کا دل ہے اور کرکٹ کی ترقی کے لیے سب کے ساتھ کام کریں گے جبکہ ایشین کرکٹ کو نئی بلندیوں تک لے کر جائیں گے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ کی ترقی، نوجوانوں کی شمولیت اور نئے مواقع پیدا کریں گے۔