پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنماؤں کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملی۔
اڈیالہ جیل میں آج بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات کا دن تھا اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، شبلی فراز، عالیہ حمزہ ، نیاز اللہ نیازی اور مبشر مقصود ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تاہم ان رہنماؤں کو ملاقات کی اجازت نہ ملی۔
بعدازاں، تمام رہنما اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
رہنماؤں کی میڈیا سے گفتگو
عالیہ حمزہ
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مجرموں سے بھی بدترین سلوک کیا جا رہا ہے اور ان کو عید والے دن ان کی بہنوں سے ملنے نہیں دیا گیا جبکہ انہیں کھانا بھی باسی دیا جا رہا ہے۔
عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ ایک شخص کرپشن پر پکڑا جاتا ہے تو اس کے پلیٹلٹس گر جاتے ہیں جبکہ بانی پی ٹی آئی کو عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کی سزا دی جارہی ہے، وہ جھک نہیں رہے اور کئی ماہ سے ہم ان سے ملنے آتے ہیں مگر کچھ بھی نہیں ہوتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام آج بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شبلی فراز
اس موقع پر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد ان کی مرضی پر چلتا ہے، عدالتیں وقار کھو چکی ہیں اور ان کی رٹ بھی ختم کرچکی ہیں، ججز کے فیصلوں پر عمل نہیں ہوتا تو ان کی سزا کا بھی تعین کریں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عوام دیکھیں گے عدالت کی حیثیت ہی نہیں تو وہ کیوں قانون کی پاسداری کریں گے، عوام اس وقت کنفیوژن کا شکار ہیں، ملاقات نہ کروانا عدالتی فیصلے کی کھلم کھلا توہین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور دو تین ماہ سے ملاقات کی کوشش کر رہے تھے ، انکی اگر ملاقات ہوئی ہے وہ وزیراعلیٰ ہیں، پارٹی لیڈرشپ کی ملاقات نہیں ہونے دے رہے اس کی سمجھ نہیں آتی، جب تک رابطے نہیں ہوں گے چیزیں کیسے آگے بڑھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر محمد علی سیف گزشتہ روز علی امین گنڈا پور کے ہمراہ ملے ہیں، تمام مسائل کا حل بانی پی ٹی آئی ہیں، جو بھی حالات ہیں اس کو ٹھیک کرنے کی چابی انہی کے پاس ہے، کٹھ پتلی حکومت اس ملک کو مسائل سے نہیں نکال سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کوجیل میں ہونا ہی نہیں چاہیے، ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے مذاکرات ہونے چاہییں، محب وطن لوگوں کو اکٹھا کرنے کیلئے ہر ترکیب استعمال کرنی چاہیے۔
عمر ایوب
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہمیں عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی، جمعرات کی ملاقات کی لسٹ وہ خود فائنل کر کے وکلاء کے حوالے کرتے ہیں ، پتہ نہیں کس کے کہنے پر ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
عمر ایوب کا کہنات ھا کہ بانی کی اڑھائی ماہ سے بچوں سے بات نہیں ہونے دی گئی اور بانی پی ٹی آئی سے بہنوں کو ملاقات نہیں کرنے دی گئی ، بانی کو عید کی نماز نہیں پڑھنے دی گئی۔