اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی سے وکلاء اور اہل خانہ کی ملاقات کے دن گیٹ نمبر 5 پر نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا اور جیل حکام نے ملاقات کے لیے نامزد کوآرڈینیٹر سلمان اکرم راجہ کو خود گیٹ پر روک لیا جبکہ اعظم سواتی، نادیہ خٹک اور مبشر مقصود کو ملاقات کی اجازت دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق سلمان اکرم راجہ کے ہمراہ شعیب شاہین اور نیاز اللہ نیازی کو بھی جیل کے اندر جانے سے روک دیا گیا جس پر سلمان اکرم راجہ نے جیل عملے سے مکالمے میں کہا کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ میں نے نام دیے اور مجھے ہی روک لیا گیا؟، جیلر صاحب، آپ نمبر پورے کر رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں اور نیاز اللہ نیازی کو اندر جانے دیا جائے لیکن جیل عملے نے کہا کہ باقی افراد کو اندر بھیجنے کے بعد ہی دیگر ناموں پر غور کیا جائے گا۔
سلمان اکرم راجہ کی ہدایت پر تابش فاروق اور انصر کیانی بھی باہر ہی رک گئے۔
بانی پی ٹی آئی کی شکایات
ملاقات کے بعد مبشر مقصود نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں بتایا کہ انہیں 7 ماہ سے بچوں سے بات نہیں کرائی گئی نہ ہی انہیں کتابیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاسی ملاقاتوں پر بھی پابندی کا ذکر کیا۔
سلمان اکرم راجہ کا موقف
سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اعظم سواتی کی بات پر جنید اکبر سے رابطہ کریں گے اور پنجاب میں کسی مسئلے کی صورت میں بھی بات چیت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی میں کوئی لڑائی نہیں، صرف چھوٹے موٹے معاملات چلتے رہتے ہیں۔
اعظم سواتی کی بریفنگ
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے مانسہرہ میں کرپشن، جنید اکبر کی تعیناتیوں، اور پنجاب کے معاملات پر بانی کو بریف کیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جنید اکبر کی تعیناتیوں کو فوری واپس لینے کا حکم دیا اور کمیٹی کے فیصلے کی صورت میں اسپیکر اسمبلی سے مستعفی ہونے کا کہا۔
اعظم سواتی نے مزید بتایا کہ انہوں نے بانی کو علی امین گنڈا پور کی کرپشن کے خلاف خاموشی نہ اختیار کرنے کی یقین دہانی کرائی اور وہ ان کی اجازت سے ہی ملاقات کے لیے آئے تھے۔
ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کا الزام
نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ ہائی کورٹ کے لارجر بینچ کے حکم کے باوجود ملاقات نہیں کرائی گئی اور سلمان اکرم راجہ کی فہرست میں سے صرف اعظم سواتی کو اجازت دی گئی۔
انہوں نے جیل حکام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا۔