اڈیالہ جیل میں عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی۔جیل کی مرکزی جامع مسجد میں قیدیوں اور عملے نے نماز عید ادا کی تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بانی پی ٹی آئی شرکت نہ کرسکے۔ جیل کے اطراف تین دن کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔
جیل کی مرکزی جامع مسجد میں قیدیوں، حوالاتیوں اور جیل افسران نے عیدالفطر کی نماز ادا کی۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بانی پی ٹی آئی نماز میں شریک نہ ہو سکے۔ وہ جیل میں اپنی تیسری عید گزار رہے ہیں۔
حکومت نے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرتے ہوئے جیل کے اطراف تین دن کے لیے خصوصی ڈیوٹی پلان نافذ کر دیاہے۔ جیل جانے والے راستوں پر آٹھ اضافی ناکے قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں دو سو پولیس اہلکاروں کو تین شفٹوں میں تعینات کیا گیا ہے جنھیں اینٹی رائیٹ کٹس بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔
ایس پی صدر ڈویژن نبیل کھوکھر کو جیل کے باہر کی سیکیورٹی کا نگران مقرر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جیل کے باہر سیاسی کارکنوں کے ممکنہ احتجاج کی اطلاعات پر سیکیورٹی مزید سخت کی گئی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریزرو فورس کی معاونت بھی حاصل ہوگی۔