وطن کی مٹی ہر رشتے سے پیاری ہے اور اس میں شہیدوں کے خون کی آبیاری ہے۔
پاک سر زمین شہداء کے خون سے رنگی ہے، ورثا، شہداء کی عظمتوں کے نشان تھامے اس یقین کے ساتھ زندہ ہیں کہ اُنکے پیچھے پوری قوم کھڑی ہے۔
وطن پر قربان ہونے والے حوالدار شفیق شہید کے بھائی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے بھائی کی شہادت پر فخر ہے، بھائی اپنی یونٹ کے لیے باعث فخر تھا، شہید کبھی مرتا نہیں وہ زندہ رہتا ہے۔
حوالدار شفیق شہید کے بھائی نے کہا کہ خوشی کے موقعوں پر بھائی کی یاد شدت سے آتی ہے، میرا بھائی شفیق چھوٹا تھا لیکن والدین کی طرح ہمارا خیال رکھتا تھا، ہمیں فخر ہے کہ ہمارے بھائی نے ملک کی خاطر اپنی جان قربان کی، جتنے شہداء نے اس ملک کے لیے قربانی دی انکو میرا سلام۔
حوالدار شفیق شہید کی بیٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے فخر ہے اپنے بابا کی شہادت پر، جب بابا گھر آتے تھے تو ہمارے لیے تحفے لاتے تھے۔
سپاہی جواد خان شہید کی بہن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا بھائی جواد بہت لاڈلا اور پیارا بھائی تھا، جب بھی چھٹی آتا تھا تو میرے سسرال آتا تھا، جواد کے بغیر ہماری یہ پہلی عید ہے ہم اس کو بہت یاد کریں گے، بھائی کا مسکراتا ہوا چہرہ ہم کبھی نہیں بھول سکتے۔