صوبائی وزیر ظہور بلیدی کا کہنا ہے کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا، دہشت گردی کے واقعات کا بلوچستان حکومت مذمت کرتی ہے، ملک دشمن کے عناصر بلوچستان میں ترقی نہیں چاہتے۔
بلوچستان کے وزراء ظہور بلیدی، شعیب نوشیروانی اور ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حالیہ دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے ملوث عناصر کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔
ظہور بلیدی نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے ملک دشمن عناصر ملوث ہیں، دہشت گردوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا، دہشتگردی میں ملوث افراد کا پیچھا کریں گے، دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں ہے۔ ایسے واقعات کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی۔
انھوں نے پریس کانفرنس میں مذید کہا کہ یہ سی پیک کو ناکام بنانے کی کوشش ہے، کل کے واقعے میں ایک ڈاکٹر کو بھی شہید کیا گیا۔
صوبائی وزیر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ بلوچستان کو حالیہ دہشت گردی کے لہر کا سامنا ہے، شہریوں کے ساتھ ملکر بلوچستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے، دہشت گردی کے خلاف بلوچستان حکومت کا واضح موقف ہے۔ حالیہ دہشت گردی میں شناخت کے نام پر قتل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
شعیب نوشیروانی نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کو شہید کیا جا رہا، ہم مذمت کرتے ہیں، دہشت گرد معصوم افراد کو قتل کر رہے ہیں، ظلم اور بربریت کے خلاف بھرپور ایکشن ہوگا ، دہشتگردوں سے غیر روایتی انداز میں نمٹیں گے۔ بیرونی عناصر دہشتگردوں کی مدد کر رہے ہیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس حملے میں بیرونی عناصر ملوث ہیں، دہشتگردی میں ملوث افراد کا پیچھا کریں گے، ہم نے ہمیشہ مذاکرات کی با ت کی ہے، مذاکرات کے حوالے سے پالیسی واضح کر چکے۔
شاہد رند نے کہا کہ تمام اراکین ا سمبلی کو اعتماد میں لیا گیا، ہم سمجھتے ہیں مسائل بیڈ گورننس کی وجہ سے ہیں، بلوچستان اسمبلی مذاکرات کا سب سے بڑا فورم ہے، موبائل نیٹ ورک سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کیا گیا۔