سماء ڈیجیٹل نے برٹش ہائی کمیشن پاکستان کے تعاون سے سماء ٹی وی کے لاہور آفس میں موسمیاتی صحافت پر ایک ورکشاپ کا کامیاب انعقاد کیا۔
اس تقریب میں معزز مقررین شامل تھے، جن میں پاکستان میں یو کے کی کمیونیکیشن کی ڈپٹی ہیڈ اسنیہا لالہ اور لوکل گورنمنٹ آڈٹ پنجاب کی ڈائریکٹر اور شیوننگ کی سابق طالبہ ثناء منیر شامل تھیں۔
اسنیہا لالہ نے موافقت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متنبہ کیا کہ موسمیاتی چیلنجوں سے نمٹنے میں ناکامی کے نتیجے میں 2050ء تک 1.3 ٹریلین ڈالر کا مالی نقصان ہوسکتا ہے اور اس سے بھی زیادہ گہرے انسانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے ڈیٹا ویژولائزیشن کے ذریعے آب و ہوا کی اسٹوریز لوگوں تک پہنچانے میں مؤثر شراکت کیلئے سماء ڈیجیٹل کی تعریف کی۔
ثناء منیر نے پائیدار ترقی میں میڈیا کے اہم کردار پر زور دیا اور گیسز کے عالمی اخراج میں 1 فیصد سے بھی کم حصہ ڈالنے کے باوجود موسمیاتی تبدیلی کیلئے پاکستان کے بڑھتے ہوئے خطرے کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیات سے متعلق صحافیوں کو آب و ہوا اور ماحولیاتی مسائل پر رپورٹنگ کرتے وقت "لائیکس سے زیادہ لائف" کو ترجیح دینی چاہیے۔
سماء ڈیجیٹل کے سینئر سب ایڈیٹر شہریار رضوان نے شرکاء اور مہمانوں کو موسمیاتی رپورٹنگ میں حفاظتی خدشات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے صحافیوں کو درپیش خطرات پر روشنی ڈالی، بشمول قانونی اور سیاسی دباؤ، ڈیٹا تک محدود رسائی اور موسمیاتی تربیت، نیٹ ورکنگ اور وکالت کی ضرورت پر زور دیا۔
سماء ڈیجیٹل کے جنرل منیجر عاصم صدیق نے موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ پر اثر انداز ڈیجیٹل مواد کے ذریعے ماحولیاتی آگاہی کیلئے محکمے کے عزم کو ظاہر کیا۔
ورکشاپ کا اختتام پاکستان میں موسمیاتی صحافت کو آگے بڑھانے کیلئے ان کی لگن کا اعتراف کرتے ہوئے شرکاء میں اسناد کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔
یہ اقدام ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے میں میڈیا کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان میں موسمیاتی خواندگی اور رپورٹنگ کو بڑھانے کیلئے سماء ڈیجیٹل کی جاری کوششوں سے ہم آہنگ ہے۔