چیف آف آرمی اسٹاف ( سی او اے ایس ) جنرل عاصم منیر کی والدہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
منگل کے روز آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی والِدہ ماجدہ کا انتقال ہوا جن کی نمازہ جنازہ ریس کورس گراؤنڈ راولپنڈی میں ادا کی گئی جبکہ آرمی چیف نے اپنی والدہ کی نماز جنازہ خود پڑھائی۔
نماز جنازہ میں صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے ارکان نے شرکت کی جبکہ صدر ( ن ) لیگ نواز شریف سمیت سابق فوجی سربراہان بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، سندھ اور بلوچستان کے وزرائےاعلیٰ نے بھی نمازہ جنازہ میں شرکت کی۔
جنرل( ر ) اشفاق پرویز کیانی، جنرل(ر ) قمر جاوید باجوہ، سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ( ر ) ندیم انجم ، سابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل ( ر ) آصف غفور سمیت سابق اور موجودہ اعلیٰ سول ، عسکری اور سفارتی حکام بھی شریک ہوئے۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحومہ کو آرمی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
ملکی قیادت نے جنرل عاصم منیر سے تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی والدہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔