قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صحت نے شادی سے پہلے دلہا دلہن کا تھیلیسیمیا ٹیسٹ کرانے کے لیے قانون سازی کی تیاری کرلی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صحت کا ڈاکٹر مہیش کمار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں شادی سے پہلے دلہے دلہن کا تھیلیسیمیا ٹیسٹ لازمی کرانے کے حوالے سے بل پر بحث کی گئی اور کمیٹی نے اتفاق کیا کہ جلد بل منظور پونا چائیے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پہلے دلہے کا ٹیسٹ ہونا چائیے اگر مثبت آئے تو پھر دلہن کا بھی ٹیسٹ کیا جائے۔
اجلاس میں نرسنگ کونسل کے معاملات ، صدر کی ڈگری سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کہ اس وقت دنیا بھر میں پچیس لاکھ نرسنگ کی ڈیمانڈ ہے، پاکستان میں بھی نو لاکھ نرسز کی کمی ہے، ہمیں ہنگامی طور پر نرسنگ کی تعلیم و تربیت پر توجہ دینا ہوگی۔
انہوں نے نرسنگ کونسل کے حکم امتناعی سمیت تمام معاملات کو نمٹانے کی یقین دہانی کرائی ۔
پی ٹی آئی کے رکن ڈاکٹر امجد نے کہا کہ ایک بڑے نجی اسپتال میں آئی سی یو کی ڈھائی لاکھ فیس لی جاتی ہے، اس معاملے کو آزاد چھوڑ دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چار ماہ پہلے ایک مریض پمز سے نجی اسپتال گیا جسے پیسے نہ ہونے پر نکال دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تین بڑے نجی اسپتال رعایتی سرکاری پلاٹ پر تعمیر ہیں لیکن مریضوں کو رعیات نہیں دیتے۔
چیئرمین کمیٹی نے زور دیا کہ نجی اسپتالوں میں بھی ویلفئیر کا نظام ہونا چاہیے۔