ملک بھر میں یومِ پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ نماز فجر میں ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نے قوم کو یومِ پاکستان کی 85 ویں سالگرہ پر دلی مبارکبا د دی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 ہماری تاریخ کا ایک یادگار لمحہ ہے۔ اس دن نے ہمارے لئے ایک آزاد وطن کے قیام کی راہ کا تعین کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارا وطن جمہوریت کے پرچم تلے ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ہمارا وطن اسلامی اصولوں کو ہمیشہ مقدم رکھے ہوئے ہے۔ اللّٰہ کی نصرت سے پاکستان جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، پاکستان اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج ہمیشہ مقدس سرحدوں کی حفاظت کے لیے پُرعزم ہیں، مسلح افواج مادرِ وطن کی خودمختاری کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج پاکستان عالمی برادری کا ایک ذمہ دار اور باوقار رکن ہے، پاکستان امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کےلیے کوشاں ہے، متحد قوم کے طور پر ہم نئی امیدوں کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق متحد قوم کے طور ترقی و خوشحالی کے سفر میں استقامت کے ساتھ گامزن ہیں، ہم اس امن کی پاسداری اور حفاظت کرتے رہیں گے جو ہماری قومی پہچان ہے۔ پاکستان امن کا پیامبر ہے اور ہم اسے ہر حال میں محفوظ رکھیں گے۔