وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بجلی کی مد میں مزید ریلیف دینے کی خوشخبری سنا دی۔
سماء ٹی وی کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ چینی پلانٹس سمیت 68 پلانٹس کے ساتھ بات چیت آج بھی جاری ہے اور چائنیز کے ساتھ ڈیٹ ری پروفائلنگ پر بھی کام ہو رہا ہے جبکہ ونڈ ، سولر اور حکومت کے کچھ پلانٹس سے بھی گفتگو ہو رہی ہے اور جب ان کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی مکمل ہوجائے گی تو جو فائدہ ہوگا اسے عوام تک پہنچائیں گے۔
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ہمارا فرض ہے کہ ذمہ داری سے آگے چلیں، ہمارا فرض ہے جو بوجھ اُٹھا سکتے ہیں اُٹھائیں ، اپنا گھر خود ٹھیک کریں، ریلیف دینے کیلئے ہمارے پاس مالی وسائل نہیں ہیں، وزیراعظم کی قیادت میں ایک سال میں اصلاحات شروع کیں، ہم نے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی شروع کی، ہماری آج بھی کئی آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی جاری ہے، معاہدوں پر نظرثانی سے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 41 پیسے کمی ہوئی۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ معاہدوں پر نظرثانی کرنا آسان ہے ، اصل بات اعتماد کی ہے اور اصل بات ہے کہ بجلی سستی کرنے کاعمل جاری رہے گا یا نہیں، ہمارے اصلاحاتی عمل سے عالمی پارٹنرز کو اعتماد ملا، پاور ڈویژن میں اصلاحات سے آئی ایم ایف کو قائل کر سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بینکوں کے ساتھ ایک معاہدے کے قریب ہیں، آئی پی پیز کے ساتھ لیٹ پیمنٹ چارجز میں ہمیں کئی سو ارب کی بچت ہوئی، ہم نے عوام پر سے بجلی کی قیمتوں کا بوجھ ہٹا کر دکھایا، ہم آئی پی پیز سے مہنگی بجلی خریدتے تھے جس کا بوجھ عوام پرپڑا، ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اگلے ہفتے سے بات چیت شروع کریں گے۔