نجکاری بورڈ نے قومی ایئر لائن کی نجکاری کیلئے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی ازسر نو منظوری دیدی، حکومت نے پی آئی اے کے 51 فیصد سے سو فیصد شیئرز فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ادارے پی آئی اے کا مینجمنٹ کنٹرول بھی نجی شعبے کےحوالےکردیا جائے گا۔ حتمی منظوری کابینہ کمیٹی برائے نجکاری سے لی جائے گی۔
نجکاری کمیشن بورڈ کے دو سواکتیسویں اجلاس کی صدارت وزیرِاعظم کے نئے مقرر مشیر نجکاری اور سربراہ نجکاری کمیشن محمد علی نے کی۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس کے پہلے ایجنڈے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ کی نجکاری کے لین دین کے ڈھانچے کی منظوری شامل تھی ۔ بورڈ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کو تجویز دی کہ پی آئی اے سی ایل کی نجکاری کیلئے حصص کی منتقلی اور حصول کے حتمی شرائط و ضوابط بولی کے عمل کے دوران طے کیے جائیں گے اور سی سی او پی کی منظوری کے لیے بولی کے دستاویزات میں شامل کیے جائیں گے۔ بورڈ نے نیویارک میں واقع روزویلٹ ہوٹل کارپوریشن کی نجکاری کے ممکنہ لین دین کے ڈھانچے پر بھی تبادلہ خیال کیا اور فیصلہ کیا کہ کسی حتمی فیصلے سے قبل مالیاتی مشیر سے تفصیلی بریفنگ لی جائے گی۔