اداکارہ نادیہ حسین نے رشوت لینے کا الزام عائد کرنے پر ایف آئی اے سے معافی مانگ لی۔ بیان بھی ریکارڈ کرادیا ۔ کہا ہائی رینک افسر کا نام استعمال کرکے رشوت مانگی گئی ۔ ایف آئی اے میری شکایت پرکام کرے۔
اداکارہ نادیہ حسین نے کہا کہ میری کسی کی بھی دل آزاری کا کبھی بھی کوئی ارادہ نہیں تھا ۔ میں ہر طرح سے سائبر کرائم کے ساتھ تعاون کے لیےتیار ہوں، میں چاہتی ہوں دھوکے باز شخص کو اس کے کیے کی سزا ملے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم کے دفتر سے واپسی پر اداکارہ نے میڈیا کو بتایا کہ اپنا ریکارڈ کرادیا ہے۔ عوام کے حق میں جعلساز کو بے نقاب کرنا چاہتی ہوں، ایف آئی اے میری شکایت پرکام کرے۔
نادیہ حسین نے کہا کہ میرے لیے سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ جعلساز نے اتنے ہائی رینک افسر کے آفیشل کی تصویر استعمال کرتے ہوئے پیسے مانگے، اس کو پکڑا جائے۔
یاد رہے کہ نادیہ حسین نے اپنے شوہر کی بینک فراڈ معاملے میں گرفتاری کے بعد ایف آئی اے افسر کی جانب سے رشوت طلبی کا الزام عائد کیا تھا ۔ ان کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوا تھا۔