سی ٹی ڈی ( کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ ) انٹیلیجنس ونگ نے کراچی میں تاج کمپلیکس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) الخوارج کے ایک اہم کارکن خلیل الرحمان کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار کیے جانے والے ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
حکام نے بتایا کہ خلیل الرحمان کا تعلق ٹی ٹی پی کے نور ولی اللہ گروپ سے ہے اور ملزم نے دسمبر 2024 میں مزار قائد اعظم سمیت دیگر علاقوں کی ویڈیوز بنا کر افغانستان بھیجی تھیں۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم نے افغانستان میں دہشت گردی کی تربیت بھی حاصل کی تھی اور وہ کراچی میں مختلف سرگرمیوں میں ملوث رہا۔
سی ٹی ڈی کے سینئر افسر راجہ عمر خطاب کے مطابق ملزم کو انٹیلیجنس معلومات، ٹیکنیکل بنیادوں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
تحقیقات سے یہ بھی انکشاف ہوا کہ خلیل الرحمان ڈیفنس کے علاقے میں ٹی ٹی پی الخوارج کی چاکنگ میں بھی شامل تھا۔
گرفتاری کے بعد ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے دیگر ساتھیوں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔