ثمینہ فاضل اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی بانی و صدر ہیں، وہ فیشن ڈیزائنر، میشا کلیکشن کی سی ای او ہیں اور پاکستان کی پہلی خواتین ہاکی ٹیم کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔
کم عمری سے ہی کاروباری ذہن رکھنے والی ثمینہ فاضل نے اپنے فارغ وقت میں بچیوں کیلئے فراکس بنانا شروع کیں، جو بعد میں میشا کلیکشن کی بنیاد بنی، 1989ء میں پہلی سرکاری فیکٹری اور 1990ء میں مری روڈ، چاندنی چوک، اسلام آباد میں اپنا پہلا بوتیک قائم کیا، ثمینہ فاضل نے اپنے ارد گرد موجود بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین کو کام کے مواقع فراہم کیے تاکہ وہ گھر بیٹھے باعزت روزگار حاصل کرسکیں۔
ثمینہ فاضل نے خواتین کیلئے مردوں کے برابر معاوضے کی پالیسی اپنائی، جس سے خواتین کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا، ثمینہ فاضل کے کاروبار میں ترقی کے بعد سال 2000ء میں اسلام آباد ویمن چیمبر کے قیام کا خیال آیا۔
انہوں نے پاکستان کے چیمبرز کے قانون میں خواتین کے الگ چیمبر کی کوئی گنجائش نہ ہونے کے باعث 2007ء میں نئی قانون سازی کیلئے جدوجہد کی، 2009ء میں حکومت پاکستان نے اسلام آباد ویمن چیمبر کو لائسنس جاری کیا، جو خواتین کیلئے ایک بڑا سنگِ میل تھا، چیمبر کے قیام کا مقصد گھریلو کاروباری خواتین کی تربیت کرنا اور انہیں کاروباری مہارتوں سے آگاہ کرنا تھا۔
ثمینہ فاضل نے اسلام آباد و راولپنڈی میں ایکزیبیشنز کا آغاز کیا تاکہ خواتین کو اپنی مصنوعات فروخت کرنے کے مواقع فراہم کیے جاسکیں، ایف نائن پارک، لوک ورثہ اور دیگر مقامات پر ایکزیبیشنز منعقد کروا کر پورے پاکستان کی خواتین کو پلیٹ فارم مہیا کیا، ان ایکزیبیشنز سے خواتین کو کاروباری آگاہی اور آمدنی کے مواقع ملے، جس سے ان کے خاندانوں نے بھی ان کی حمایت شروع کر دی۔
انہوں نے سال 2010ء میں پہلا بین الاقوامی تجارتی وفد بھارت بھیجا، جس کے بعد یورپ، آسٹریلیا اور دیگر ممالک میں بھی خواتین کے وفود لے جانے کا آغاز ہوا۔
آج اسلام آباد ویمن چیمبر کی ممبر خواتین پیٹرول پمپس، فارماسیوٹیکل کمپنیز، ٹریول ایجنسیاں اور دیگر کاروبار کامیابی سے چلارہی ہیں، اسلام آباد ویمن چیمبر کی آگاہی مہمات نے خواتین کو کاروبار کرنے کی ترغیب دی، ان کے اندر خود اعتمادی پیدا کی اور انہیں خود مختار بنایا۔
ثمینہ فاضل نے 2010ء میں دیہی خواتین کو ایکزیبیشنز میں موقع دے کر مڈل مین کے کردار کو ختم کیا، تاکہ وہ اپنی مصنوعات براہِ راست فروخت کرسکیں، سندھ اور جنوبی پنجاب کی دیہی خواتین کو ایکزیبیشن میں شمولیت کیلئے رہائش اور سفری سہولیات بھی فراہم کیں، ملتان میں 120 خواتین، سکھر میں درجنوں خواتین اور گزشتہ سال 300 نئے انٹرپرینیورز کو تربیت دی تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں۔
ثمینہ فاضل کا مشن، پاکستان کی معاشی ترقی میں خواتین کے کردار کو مضبوط کرنا اور انہیں کاروباری مواقع فراہم کرنا ہے۔
ثمینہ فاضل کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب ہم سب مل کر اپنا کردار ادا کریں اور معیشت کو مضبوط کریں، اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کاوشوں سے آج پاکستانی خواتین مختلف کاروباری شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔
ثمینہ فاضل کی انتھک محنت، جدوجہد اور وژن نے ہزاروں خواتین کی زندگی بدل دی اور انہیں کاروباری میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا، پاکستانی خواتین کیلئے ثمینہ فاضل کی خدمات تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔