اوورسیز پراپرٹی ایکٹ 2024ء کے تحت اسلام آباد میں خصوصی عدالتوں کے قیام کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس نے ججز کی نامزدگی کا اختیار سیشن ججز کو دے دیا۔ خصوصی عدالتیں سمندر پار پاکستانیوں کی جائیداد کے تنازعات کے جلد حل کیلئے قائم کی جارہی ہیں۔
رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکریٹری قانون و انصاف کو خط میں کہا ہے کہ سیشن ججز ایسٹ اور ویسٹ اوورسیز خصوصی عدالتوں کیلئے ججز نامزد کریں گے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ نامزدگیاں کرتے وقت زیر التواء کیسز، جوڈیشل افسران کا تجربہ مدنظر رکھا جائے، اوورسیز پراپرٹی ایکٹ کے تحت وزارت قانون سیشنز ایسٹ اور ویسٹ کے نوٹیفکیشن جاری کرے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے خصوصی بینچ کے قیام کا خیرمقدم کیا ہے۔