سانحہ جعفر ایکسپریس کے دوران سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور منفی پروپیگنڈا کرنے والے ملزم کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا ۔ ملزم حیدر سعید ریاستی اداروں کے خلاف زہر آلود مہم چلا رہا تھا ۔ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے ڈیجیٹل شواہد بھی قبضے میں لے لئے ۔ مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی۔
ایف آئی اے سائبرکرائم سرکل نے ریاستی اداروں کیخلاف آن لائن زہر آلود پروپیگنڈا کرنے والوں پر کاری وار کردیا۔سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانےمیں ملوث حیدر سعید نامی ملزم شہراقتدار سے گرفتارکرکے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ۔
ایف آئی آر کے مطابق حیدر سعید نے سانحہ جعفر ایکسپریس پر تضحیک آمیز اور منفی مواد سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ سانحہ کے دوران کالعدم تنظیموں کی حمایت اور آن لائن تشہیر کرتا رہا۔ دہشت گردوں کے حق میں پروپیگنڈا کر رہا تھا کہ سانحہ بولان میں 200 سے زائد فوجی جوانوں کو شہید کر دیا گیا ہے ۔
ملزم حیدر سعید ریاستی اداروں کے خلاف زہر آلود مہم چلا رہا تھا ۔ لوگوں کو بغاوت پر بھی اکساتا رہا ۔ سائبر کرائم سرکل نے بنی گالا میں چھاپہ مار کر گرفتار کیا۔ ملزم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت ڈیجیٹل شواہد قبضے میں لے لئے گئے ہیں ۔
مقدمے میں پیکا ایکٹ کی دفعات 9 اور 10 بھی شامل ہیں۔ ملزم کو شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے اور ریاست کے خلاف بھڑکانے کا بھی مرتکب قرار دیا گیا ہے ۔