پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں کم ترین اسکور 91 رنز پر آؤٹ ہوگئی، اس سے قبل قومی ٹیم 2016ء میں ویلنگٹن میں 101 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔
پاکستان ٹیم نے نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں کئی برے ریکارڈز اپنے نام کرلیے، قومی ٹیم کیویز کیخلاف نیوزی لینڈ میں پہلی مرتبہ 100 رنز سے بھی کم پر پویلین لوٹ گئی۔
گرین شرٹس کیویز کیخلاف ان کے ہوم گراؤنڈ میں اپنی ٹی 20 تاریخ کے کم ترین اسکور 91 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، اس سے قبل گرین شرٹس 2016ء میں 101 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی جبکہ 2018ء میں 105 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔
دوسری ٹیموں سے موازنہ کیا جائے تو پاکستان ٹیم کا یہ اسکور نیوزی لینڈ میں کسی بھی ٹیم کا چوتھا کم ترین اسکور کیے، بنگلہ دیش 2021ء میں 76، بنگلہ دیش 2010ء میں 78 اور میزبان نیوزی لینڈ خود 2010ء میں 80 رنز پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔
پاکستان ٹیم کی ٹی 20 تاریخ میں پہلی بار ہے کہ گرین شرٹس کے 4 کھلاڑی صرف 11 رنز پر وکٹیں گنوا گئے، اس سے قبل 2014ء میں ویسٹ انڈیز کیخلاف پاکستان کے 4 ٹاپ آرڈر کھلاڑی 13 رنز پر آؤٹ ہوئے تھے۔
ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں دوسری مرتبہ ہے کہ دونوں پاکستانی اوپنر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستان نے ٹی 20 تاریخ میں پاور پلے میں تیسرا کم ترین اسکور 4 وکٹ پر 14 رنز بنائے، اس سے قبل ویسٹ انڈیز 2013ء میں پاور پلے میں 13 اور پاکستان 2014ء میں اتنے ہی رنز بنا چکا ہے۔