ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد شعیب خان کی زیر صدارت پولیس افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس پی صدر زون، ایس ڈی پی اوز صدر زون، اور تمام ایس ایچ اوز نے شرکت کی ہے جبکہ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز شعیب خان نے افسران کو ہدایت کی کہ عبادت گاہوں، مارکیٹوں، تجارتی مراکز، اور دیگر اہم مقامات کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ راہزنی، ڈکیتی، اور چوری جیسے جرائم کی روک تھام کے لیے ٹھوس اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔
شعیب خان نے جرائم پیشہ گروہوں، قبضہ مافیا، اور منشیات فروشوں کی گرفتاری کو ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ اشتہاری، عدالتی مفرور، اور عادی مجرمان کی گرفتاریوں کو یقینی بنایا جائے ، اس کے علاوہ، ڈولفن اور ابابیل ایمرجنسی ریسپانس یونٹس کو شہر کے تمام علاقوں میں پٹرولنگ کو بہتر کرنے کا حکم دیا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز نے مزید کہا کہ تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز شہریوں کی دادرسی کے لیے ہمہ وقت دستیاب رہیں تاکہ عوام کے مسائل فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔
انہوں نے افسران پر زور دیا کہ رمضان کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق یہ اقدامات شہریوں کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے عزم کا حصہ ہیں۔