وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ فوج کو کمزور کرنا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، کچھ لوگ سوشل میڈیا پر بیٹھ کر فوج کے خلاف باتیں کرتے ہیں، ملک کیلئے قربانیاں آپ نے دی ہیں یا فوج نے؟۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کوٹ پنڈی داس انٹر چینج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا، کہا کہ انٹرچینج کوٹ پنڈی داس کو لاہور اسلام آباد موٹروے سے ملائے گا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو کھری کھری سنادیں۔ کہا سوشل میڈیا پر بکواس لکھنا بہت آسان ہے، جرأت ہے تو اپنے بچوں کو قربان کرنے بھیجو، سوشل میڈیا پر ایسے ڈھٹائی سے لکھتے ہیں جیسے پورا پاکستان انہوں نے فتح کیا تھا؟، کیا جنگیں سیاسی جماعت کے دادا لڑ کر گئے تھے؟ کیا شہادتیں سیاسی جماعت کے لوگوں نے دی تھیں؟.
ان کا کہنا ہے کہ فوج نہ ہو تو ملک ایک دن قائم نہیں رہ سکتا، فوج کو کمزور کریں گے تو ملک کمزور ہوگا، ان لوگوں کو کوئی احساس نہیں، ایک شخص کے پیچھے پورے ملک کو داؤ پر لگایا ہوا ہے، سیاسی جماعت کے باپ کو بھی ہم نے چار سال دیے تھے، اب ذرا صبر کریں۔
علیم خان نے کہا کہ لوگوں کو جیلوں میں ڈالتے ہوئے تو آپ بڑا خوش ہوتے تھے، اس وقت کہتے تھے نیا پاکستان بن رہا ہے، اُس وقت سب ٹھیک تھا، آج خود جیل میں ہیں تو کیا ہوگیا، اب اپنی باری میں تکلیف کیوں ہورہی ہے؟، یہ مکافات عمل ہے۔
ان کا کہنا ہے رانا ثناء اللہ پر وہ مقدمہ بنایا گیا جس پر انہیں سزائے موت ہوسکتی تھی، میں نے اُس وقت بھی کہا تھا یہ کام نہ کرو، سوشل میڈیا پر سازشیں کرنے والے نیست و نابود ہوں گے، ملک قائم رہے گا، ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں۔