بانی پی ٹی آئی کے ترجمان نیاز اللہ نیازی کا کہنا ہے کہ بانی کو جیل کے اندر کتابیں اور سامان نہیں مل رہا،بشریٰ بی بی سے ملاقات بھی نہیں کروائی جا رہی، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا بانی اور بشریٰ بی بی کا ذاتی معالج کے ذریعے طبی معائنہ کرنے کی پٹیشن دائر کی جا رہی ہے ۔۔
اڈیالہ جیل کے باہر سلمان اکرم راجہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں بانی پی ٹی آئی کے ترجمان نیاز اللہ نیازی کا کہنا تھا بانی کی بشریٰ بی بی سے جیل میں ملاقات سے متعلق قانون کہتا ہے کہ نوے دنوں میں بہتر گھنٹے کی ملاقات ہوسکتی ہے، بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ ان کی یہ ملاقات نہیں کروائی جا رہی، چودھری ظہیر عباس اس سے متعلق پٹیشن دائر کریں گے۔
نیاز اللہ نیازی نے کہا ہماری کسی ادارے سے ذاتی جنگ نہیں،آئین کی بالا دستی چاہتے ہیں۔ سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کو جے یو آئی سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بتایا ہے انہوں نے کل کی میٹنگ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے،بانی نے علی امین گنڈاپور، عالیہ حمزہ اور جنید اکبر کی تعریف کی۔