صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف، عبدالعلیم خان، محسن نقوی اور مریم نوازشریف سمیت دیگر سیاسی قیادت کی جانب سے جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور کہا ہے کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا ۔
صدر آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے شہریوں اور مسافروں پر حملے غیر اِنسانی اور مذموم عمل ہے، مسافروں پر حملے کرنے والے بلوچستان اور اسکی روایات کے خلاف ہیں، بلوچ قوم نہتے مسافروں، بزرگوں اور بچوں پر حملے کرنے اور یرغمال بنانے والوں کو مسترد کرتی ہے، کوئی مذہب اور معاشرہ ایسی گھناؤنی کاروائیوں کی اجازت نہیں دیتا ۔
آصف زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے موثر کارروائی پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو ریسکیو کرنے پرفورسز کی بہادری کی تعریف کی ۔ صدر مملکت کی جعفر ایکسپریس حملے میں زخمی ہونے والوں کیلئے جلد صحتیابی کی دعا کی ۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیرِ اعظم شہبازشریف نے جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز بہادری و پیشہ ورانہ مہارت سے دہشتگردوں کا سدباب کر رہے ہیں، دشوار راستوں کے باوجود فورسز کے افسران و اہلکاروں کے حوصلے بلند ہیں، سیکورٹی فورسز بزدل دہشتگردوں کو پسپائی کی جانب دھکیل رہے ہیں، سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار بہت جلد اس آپریشن میں کامیاب ہونگے ، بزدل دہشتگردوں کو انکے انجام تک پہنچائیں گے، بزدلانہ حملہ کرنے والے حیوان صفت دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشتگرد بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، دہشت گردوں کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سےکوئی تعلق نہیں، دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پاکستان میں بد امنی و انتشار پھیلانے والی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشتگردی کی اس جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
عبدالعلیم خان
صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کو سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے۔ عبدالعلیم خان نے بلوچستان کے علاقے ڈھاڈر میں جعفر ایکسپریس پر فائرنگ کے واقعے کو انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مذموم کارروائیاں سوچی سمجھی سازش کے تحت کی جا رہی ہیں لیکن اس گھناؤنے فعل میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔عبدالعلیم خان نے یرغمالیوں کی جلد بازیابی اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی جبکہ متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے سیکیورٹی ادارے پوری طرح سینہ سپر ہیں اور ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں میں کھیلنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بولان کے قریب جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم مسافروں پر فائرنگ کرنے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیر داخلہ نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعہ کو بزدلانہ دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والوں کو انجام تک پہنچایا جائے گا اور خون بہانے والوں کے لیے زمین پر کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔ انہوں نے ریاست پر حملے کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ قاتلوں کو چن چن کر مارا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ سرفرازبگٹی نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ دشمنوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ادارے دہشت گردوں کے تعاقب میں ہیں اور کوئی بھی دہشت گرد بچ کر نہیں جائے گا۔علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے، جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردوں کی مکمل بیخ کنی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ قومی سلامتی پر حملہ ہے، جس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں اور قومی یکجہتی سے دشمنوں کی جڑیں کاٹ دی جائیں گی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے مسافروں پر حملہ کرنے والے انسانیت سے عاری ہیں، دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ہر مسافر کی خیریت کے لیے دعاگو ہوں ۔ انہوں نے تمام مسافروں کی بخریت واپسی کی دعا کی ۔ وزیراعلی پنجاب نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کرنے والی سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔
سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی
سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے جعفر ایکسپریس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ماہ مقدس میں نہتے مسافروں کو نشانہ بنانا بزدلانہ فعل ہے، حکومت اور سکیورٹی فورسز یرغمالیوں کی باحفاظت واپسی کے لئے سرگرم ہیں، ملک کے کسی بھی کونے میں دہشتگردی قابل مذمت ہے، انخلاء کے بعد امریکی اسلحہ کی واپسی خطے میں امن کی ضمانت ہوگا، مستقبل میں دہشتگردانہ واقعات کی روک تھام کے لئے باڈر پار نیٹ ورک توڑنا ہوں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے جعفرایکسپریس پرحملےکی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور بےگناہ لوگوں کو شہید کرنا انتہائی قابل مذمت فعل ہے، قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ثابت قدیم رہے گی،پاکستان دہشتگردی کیخلاف سخت جنگ لڑ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جعفر ایکسپرس حملہ کو دہشتگردی کا بزدلانہ فعل قرار دیا اور کہا کہ امن سبوتاژ کرنے والےکبھی کامیاب نہیں ہوں گے، عوام نے ہمیشہ ملک کاامن خراب کرنیوالے عناصر کو مسترد کیا ہے۔