صوبائی دارالحکومت کے میو اسپتال کے سینہ و چھاتی وارڈ میں پھیپھڑوں کے انفیکشن کے علاج کے لیے استعمال ہونے والے انجیکشن سے 18 مریضوں کو شدید ری ایکشن ہوا ہے جبکہ متاثرہ مریضوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
سی ای او میو اسپتال پروفیسر ہارون حامد کے مطابق انجیکشن کے استعمال کو فوری طور پر روک دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ مریضوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ان کی حالت میں بہتری لائی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور متاثرہ مریضوں کی صحت یابی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مزید تفصیلات تحقیقات کے نتائج کے بعد سامنے آئیں گی۔