خیرپور کے گمبٹ اسپتال میں والد کو جگر عطیہ کرنیوالی 20 سال کی بیٹی جاں بحق ہوگئی، والد کی طبیعت بھی ناساز ہے۔ اہلخانہ نے ڈاکٹرز پر غلفت کا الزام لگا دیا۔
گمبٹ کے پیر سید عبدالقادر شاہ میڈیکل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ سائنسز میں جگر کی پیوندکاری کیلئے پنجاب کے علاقے شجاع آباد کے رہائشی راؤ خلیل احمد کو لایا گیا، جہاں ان کی زندگی بچانے کیلئے ان کی 20 سال کی بیٹی مقدس نے جگر کا عطیہ دیا۔
رپورٹ کے مطابق آپریشن کے بعد مقدس کی طبیعت اچانک خراب ہوئی اور وہ جانبر نہ رہ سکی۔ مقدس کے ماموں کے مطابق اسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں کی غفلت کی وجہ سے مقدس کا انتقال ہوا ہے، رات کے 2 بجے ڈاکٹروں نے فون کرکے کہا کہ لڑکی کو لے جاؤ اور جب ہم پہنچے تو لڑکی کی لاش ہمارے حوالے کردی۔
مریض کے اہلخانہ کے مطابق مقدس کے والد کی بھی طبیعت ناساز ہے۔
اسپتال کے ڈائریکٹر رحیم بخش بھٹی کا کہنا ہے کہ واقعے کا علم نہیں، 200 آپریشن میں سے ایک کیس ایسا ہوجاتا ہے، تاہم معاملے کی تفتیش کررہے ہیں۔