بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی ٹائٹل جیت لیا۔ روہت شرما الیون نے 252 رنز کا ہدف 49 ویں اوور کی آخری گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025ء کا فائنل دبئی میں کھیلا گیا، نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو جیت کیلئے 252 رنز کا ہدف دیا۔
چیمپئنز ٹرافی فائنل میں کیویز کے 252 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کو 105 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ ملا، شبمن گل 31 رنز بنا کر سینٹنر کی گیند پر فلپس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ویرات کوہلی ایک رن پر بریسویل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، روہت شرما 83 گیندوں پر 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شریاس ائیر 48 رنز بنا کر وکٹ گنوا گئے، اکشر پٹیل 29 اور ہاردک پانڈیا 18 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
نیوزی لینڈ جانب سے مچل سینٹنر اور مائیکل بریسویل نے 2، 2 جبکہ جیمیسن اور راچن رویندرا نے ایک ایک شکار کیا۔
اس سے قبل چیمپئنز ٹرافی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کیوی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے، ڈیرل مچل 63 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، مائیکل بریسویل نے 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے راچن رویندرا 37 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، انہیں کلدیپ یادیو نے بولڈ کیا، ول ینگ 15 رنز بنا کر ورون چکرورتی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، سابق کپتان کین ولیمسن کو کلدیپ یادیو نے 11 کے اسکور پر اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر پویلین لوٹا دیا، ٹام لیتھم 14 رنز بنا کر رویندرا جڈیجا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، ڈیرل مچل محمد شامی کی گیند پر 63 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو اور ورون چکرورتی نے 2، 2 شکار کئے، محمد شامی اور رویندرا جڈیجا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ 25 سال بعد چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کیلئے پُرعزم ہے دوسری جانب بھارت تیسری بار چیمپیئنز ٹرافی اپنے نام کرنے کا خواہشمند ہے۔
کیوی کپتان مچل سینٹنر کا ٹاس کے بعد کہنا تھا کہ وکٹ اچھی ہے، زیادہ رنز بنانے کی کوشش کریں گے، بھارت کو اچھا ہدف دینے کی کوشش ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، میٹ ہینری کی جگہ ناتھن اسمتھ کو شامل کیا گیا ہے۔
بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ٹاس کی اہمیت ہے لیکن میچ کا اختتام اہم بات ہے۔