امریکی حکام نے دو ہیکرز کو پاپ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے مشہور "Eras Tour" سمیت دیگر ہائی پروفائل ایونٹس کے ہزاروں ٹکٹس چوری کرنے اور انہیں دوبارہ فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
کوئنز ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس کے مطابق 20 سالہ ٹائرون روز اور 31 سالہ شمارا سیمنز پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک آن لائن ٹکٹ فروخت کرنے والے پلیٹ فارم میں موجود خامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تقریباً ایک ہزار ٹکٹس چوری کیے اور ان کی دوبارہ فروخت سے 6 لاکھ 35 ہزار ڈالر (تقریباً 16 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) کمائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزمان ایک امریکی آن لائن ٹکٹ مارکیٹ کے لیے بطور تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کام کر رہے تھے، انہوں نے آف شور ٹکٹ پلیٹ فارم کے کمپیوٹر سسٹم تک رسائی حاصل کی اور فروخت شدہ ٹکٹس کو چوری کرنے کے بعد انہیں مہنگے داموں فروخت کیا۔
چوری کیے گئے ٹکٹس میں ٹیلر سوئفٹ کے "Eras Tour" کے علاوہ عالمی شہرت یافتہ گلوکار ایڈ شیران اور برطانوی گلوکارہ ایڈیل کے کانسرٹس، این بی اے گیمز، اور یو ایس اوپن ٹینس چیمپئن شپ کے ٹکٹس بھی شامل ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق ملزمان نے یہ غیر قانونی سرگرمیاں منظم طریقے سے انجام دیں۔
نیویارک کے استغاثہ نے بتایا کہ ٹائرون اور شمارا نے سدرلینڈ نامی کمپنی کے ملازمین کے طور پر کام کرتے ہوئے اس جرم کا ارتکاب کیا۔
دونوں کو نیویارک شہر سے گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، اگر الزامات ثابت ہو گئے تو ملزمان کو 3 سے 15 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔