اداکارہ، ماڈل، پروڈیوسر و ہدایت کارہ انجلین ملک نے مداحوں کو اپنی بیماری سے متعلق تازہ اپڈیٹ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی 3 کیموتھراپیز مکمل ہوگئیں۔
انجلین ملک نے فروری میں اپنی جیولری کلیکشن متعارف کراتے ہوئے سر کے بالوں کے بغیر اپنی تصاویر شیئر کیں اور بتایا تھا کہ ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔
بعد ازاں اداکارہ کو سر کے بالوں کے بغیر ہی فیشن شو میں کیٹ واک کرتے بھی دیکھا گیا، اب اداکارہ نے کیموتھراپی سیشن کے دوران کھنچوائی گئیں تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بیماری سے متعلق اپڈیٹ دی۔
اداکارہ نے بتایا کہ 6 مارچ تک ان کے کیموتھراپی کے 3 سیشن مکمل ہوچکے تھے اور ان کے مزید سیشن ہونے ہیں۔
انجلین ملک نے تصاویر کے ساتھ کیپشن میں مزید لکھا کہ ہر لڑائی انسان کو مزید مضبوط کرتی ہے۔
اس سے قبل انہوں نے ماہ رمضان المبارک کے آغاز میں اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنی صحت کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔
انجلین ملک کی جانب سے کیموتھراپی سیشن سے تصاویر شیئر کیے جانے پر مداحوں کے علاوہ شوبز شخصیات نے بھی تبصرے کرتے ہوئے ان کی صحتیابی کیلئے دعائیں کیں۔
ماہرہ خان نے لکھا کہ وہ دعاگو ہیں کہ اداکارہ مکمل صحتیاب ہوکر زندگی کی تمام خوشیاں حاصل کریں۔ اداکارہ امر خان، اشنا شاہ، تارا محمود سمیت کئی شوبز شخصیات نے بھی انجلین ملک کی صحتیابی کیلئے دعائیں کیں۔