پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مسلسل 5 ہفتوں کی کمی کے بعد گزشتہ دو ہفتے سے دوبارہ اضافے کا رجحان ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز یعنی 20 اکتوبر کو 278.80 روپے کی سطح پر بند ہوئی تھی جو گزشتہ روز 280.57 روپے ریکارڈ کی گئی۔ ڈالر کی قیمت میں رواں ہفتے کے دوران مجموعی طور پر ایک روپے 77 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی انٹربینک میں پاکستانی روپے کی قدر میں ایک بار پھر کمی ہوگئی، امریکی ڈالر 48 پیسے مہنگا ہوگیا۔ اسٹیٹ بینک سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جمعہ کو امریکی کرنسی کی قدر میں 48 پیسے (0.17 فیصد) اضافہ ہوگیا، جس کے بعد ڈالر کی قیمت 280.57 روپے پر آگئی۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کئی روز بعد کمی ہوگئی، امریکی کرنسی کے نرخ 50 پیسے کمی کمی سے 281.50 روپے ہوگئے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں مسلسل 28 کاروباری دنوں میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی اور اس دوران ڈالر کی قیمت 277 کی سطح سے نیچے چلی گئی تھی تاہم گزشتہ ہفتے کے دوران ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ رک گیا۔
کرنسی مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق ڈالر کی قیمت کافی گر گئی تھی اور اس کے بعد اس میں ریکوری کی توقع تھی تاہم انٹر بینک میں درآمدی ادائیگیوں کا پریشر بھی بدھ کے روز آیا تو دوسری جانب غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے بعد دنیا میں ڈالر کی قیمت بڑھی جس کا اثر پاکستانی کرنسی پر بھی پڑا۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے دیکھتے رہیں سماء نیوز لائیو