نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو دوسرے سیمی فائنل میں 50 رنز سے شکست دیتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں کوالیفائی کر لیا ہے جہاں نیوزی لینڈ کا مقابلہ بھارت سے دبئی میں 9 مارچ کو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی ٹیم نیوزی لینڈ کی جانب سے بنائے گئے 363 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی اور 50 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم کی جانب سے ڈیوڈ ملر نے سینچری بنائی لیکن وہ ٹیم کو جیت دلانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔ ان کے علاوہ راسی وان ڈیر نے 69 جبکہ ٹمبا باووما نے 56 رنز کی اننگ کھیلی ۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنا ڈالے۔
کیویز کی جانب سے 362رنز چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے قبل یہ اعزاز آسٹریلیا کے پاس تھا جس نے 356 رنز بنائے تھے۔
کیویز کی پہلی وکٹ 48 رنز پر گری تاہم کین ولیسمن اور راچن رویندرا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، دونوں کے درمیان 164 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
راچن رویندرا 108 اور کین ولیسمن 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 49، 49 رنز بنائے۔
کیویز کی جانب سے ول ینگ 21، ٹام لیتھم 4، مائیکل بریسویل 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیڈی نے 3، ربادا نے 2 اور ملڈر نے ایک شکار کیا۔
فاتح ٹیم دبئی میں کھیلے جانیوالے چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بھارت سے ٹکرائے گی۔ پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔