کراچی میں ڈیفنس کے نجی بینک کے لاکر میں رکھے 10 کروڑ روپے کے زیورات چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق بینک عملے نے مدد کے بجائے تحقیقات کے نام پر تاخیری حربے استعمال کیے۔ متاثرہ صارف کو واقعے کا 19 فروری کو پتہ چلا لیکن تھانہ درخشاں میں مقدمہ یکم مارچ کو درج کروایا گیا۔ سی سی ٹی وی میں بھی کچھ واضح نظر نہ آسکا۔
پولیس کے مطابق خاتون شادی کے لیے زیورات نکالنے بینک پہنچی تو لاکرسے زیورات کے باکسز غائب تھے، خاتون کی شکایت پر عملے نے تلاشی لی تو فور سیلنگ سے باکس اور خالی بیگ ملا۔ لاکر سے نکال کر رکھے ایک باکس میں خاتون کی بیٹی کی بالیاں بھی ملیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون نے بینک عملے کو شکایات کی، لیکن اس نے کوئی تعاون نہیں کیا، لاکر ٹوٹا ہوا نہیں تھا، اسے کسی چابی سے کھولا جانے کا ہی شک ہے، متاثرہ خاتون کو دکھائی گئی سی سی ٹی وی میں بھی کچھ واضح نظر نہیں آیا۔