آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی ہے ۔
دبئی میں کھیلے گئے ایونٹ کے سیمی فائنل میں بھارت نے 265 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی 84 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ شریاس ایر 45، ہاردک پانڈیا 28، کپتان روہت شرما 28، اکشر پٹیل 27 اور شبھمن گل 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کے ایل راہول 42 اور رویندر جڈیجا 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
اس سے قبل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلوی کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بھارت کو پہلی کامیابی جلد ہی مل گئی، کوپر کونولی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، ٹریوس ہیڈ 39، مارنوس لیبوشین 29 اور جوش انگلس 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اسٹیو اسمتھ 96 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 73 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، گلین میکس 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، بین ڈواشیئس 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ایلکس کیری 58 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 60 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے، ناتھن ایلس 10 رنز اور زیمپا 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 3، ورون چکرورتی اور رویندرا جڈیجا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیتنے کےبعد گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اسٹیوا سمتھ نےکہا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔
اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نےکہا کہ ہم نے یہاں 3 میچز کھیلے ہیں، ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے، چاہے پہلے بیٹنگ کریں یا بولنگ۔
آسٹریلوی ٹیم کے 7 اہم کھلاڑیوں انجریز کےباعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں،جبکہ توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ سیمی فائنل کی پچ اسپنرز کیلئےسازگار ہوگی۔
ایونٹ میں بھارت نے اپنے تینوں میچ دبئی میں کھیلے اور اسپنرز کی بدولت ہی جیتے ہیں,میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہہ پہر تین بجے شروع ہوگا۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں نے 2023 میں احمد آباد میں بھی ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا تھاجس میں بھارت کو شکست ہوئی تھی۔
چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل کل نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان لاہور میں کھیلا جائے گا۔