رمضان المبارک کے آغاز پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے بابرکت مہینے کی مبارک باد پیش کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق آصف زرداری کا اپنے پیغام میں کہناتھا کہ اُمت مسلمہ کو رمضان کے با برکت مہینے کےآغاز پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ رمضان صبر،استقامت،ہمدردی،مساوات،اتحاد ویگانگت کا درس دیتا ہے، رمضان میں غربا،مساکین کی مدد کریں،ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں ضرورت مندوں،محروم طبقات کی تکلیف کا احساس بھی دلاتاہے، رمضان المبارک کا پیغام یہی ہے ہم اپنی ذات سے بلند ہو کر دوسروں کی مدد کریں، قوم سے اپیل ہے مبارک مہینے میں خیرات،صدقات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے، ہمیں اپنی اسطاعت سے بڑھ کر غریبوں کا سہارا بننے کی ضرورت ہے، اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں یہ مہینہ پاکستان کیلئے امن و استحکام،ترقی کا پیغام لیکرآئے۔
وزیراعظم شہبازشریف
وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کے آغاز پر قوم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے ہمیں ایک بار پھر رمضان المبارک کی سعادت نصیب ہو رہی ہے، یہ مہینہ رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا ہے، اللہ تعالیٰ اپنی قربت عطا فرماتے ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ رمضان کا اصل پیغام صبر،شکر،ہمدردی اور اخوت و ایثار ہے، ماہ رمضان ہمیں دوسروں کے دکھ درد کااحساس دلاتا ہے، ہمیں اپنے آس پاس غریبوں اور محتاجوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، ہمیں ظلم و جبر کا شکار لاکھوں فلسطینی،کشمیری بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا ہے۔ ہمیں متحد ہو کر اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانی ہے، وقت ہے کہ ہم امتِ مسلمہ کے اتحاد کو مضبوط کریں اور باہمی تعاون کو فروغ دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم دعاگو ہیں اللہ تعالٰی اس مہینے کی برکت سے پاکستان کو استحکام نصیب فرمائے، اللہ پاک توفیق دے ہم عوام کی خدمت کریں اور پاکستان کو دنیا میں اُسکا جائز مقام دلائیں، میں اپیل کرتا ہوں زیادہ سے زیادہ عبادات کریں،اور غریبوں ،محتاجوں کی مدد کریں، اپنی دعاؤں میں فلسطین،مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں اور پوری مسلم اُمہّ کو یاد رکھیں، اللہ تعالیٰ رمضان کی برکتوں سے نوازے اورآپس میں محبت و بھائی چارے کےرشتے میں جوڑدے۔