لاہور ہائیکورٹ نے معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کی پولیس افسران کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) پنجاب پولیس کو 3 نومبرکو طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے خدیجہ شاہ کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے خدیجہ شاہ پر مقدمات کی تفصیلات فراہم کیں اور بتایا کہ ان پر دو مقدمات درج ہیں جبکہ تیسرے مقدمے میں انہیں دوبارہ گرفتارکرلیا گیا ہے، پولیس افسران نے عدالت میں غلط بیانی کی۔
درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر آئی جی پنجاب کو طلب کرلیا۔
ادھر لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے خدیجہ شاہ کو نو مئی کو راحت بیکری کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا اور پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔