کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے ڈیفنس تھانے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارمغان قتل کیس کے حوالے سے سخت موقف اختیار کیا اور کہا کہ اس کیس میں کسی بھی ملزم کو معاف نہیں کیا جائے گا اور نااہلی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ تحقیقات میں ایسے بااثر افراد کے بچوں کے نام سامنے آ رہے ہیں جو معاشرے میں اہم حیثیت رکھتے ہیں فی الحال ان کے نام ظاہر نہیں کیے جا رہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں تاکہ ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔
انہوں نے اہلِ محلہ کے کردار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر کسی علاقے میں غیر قانونی سرگرمی ہو رہی ہو تو اس کی اطلاع دینا پڑوسیوں کی ذمہ داری بنتی ہےکیس کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ایک ملزم کے مینیجر کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل ہو رہی تھی، جس سے اس کے والدین کی لاعلمی ناقابلِ فہم ہے۔
جاوید عالم اوڈھو نے اعلان کیا کہ کیس میں ملوث بچوں سے ان کے والدین کے حلف نامے لیے جائیں گے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ اپنی اولاد کی سرگرمیوں سے بخوبی آگاہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی اثر و رسوخ یا دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔



















