نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے حج 2024 کی تیاریوں کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کردیں۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں آئندہ سال عازمین حج کی سہولت کے لئے بڑے فیصلے کئے گئے۔
انوار الحق کاکڑ نے حجاج کی سہولیات اور شکایات کے اندراج کے لئے موبائل ایپلیکشن اور ویب سائٹ بنانے ، نجی حج کمپنیوں کے حوالے سے شکایات پر رپورٹ پیش کرنے اور اس نظام کے لئے اصلاحاتی کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نجی کمپنیوں کی کڑی نگرانی کر کے یہ یقینی بنایا جائے کہ ان کے توسط سے جانے والے حاجیوں کو بھی کسی قسم کی مشکلات نہ پیش آئیں اور حجاج کے لئے کئے جانے والے انتظامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انوار الحق کاکڑ نے نگران وفاقی وزیر مذہبی امور اور وفاقی سیکرٹری کو دورہ سعودی عرب کی بھی ہدایت کی۔