ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان اسلام آباد پہنچ گئے۔ پرنس شیخ خالد بن محمد وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے ابوظبی کے ولی عہدشیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کوخوش آمدید کہا۔ ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان اپنے ایک روزہ دورہ پاکستان میں پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
معززمہمان کی صدر مملکت اور وزیراعظم سے ملاقاتیں شیڈول ہیں، معزز مہمان کو نشان پاکستان سے نوازا جائے گا۔ دورے کے دوران سرمایہ کاری،معاشی وتجارتی تعاون پرگفتگو،معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ابوظبی کے ولی عہد دورے کے دوران پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اس دوران تاریخی تعلقات کو مستحکم اور اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان نے دورہ پاکستان میں دوطرفہ معاہدے اور مفاہتی یادداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے تاکہ کثیر الجہتی شعبوں میں طویل مدتی تعاون کے لیے موجودہ مضبوط فریم ورک کو مضبوط بنایا جاسکے۔
ترجمان نے کہا کہ ابوظبی کے ولی عہد کے دورہ پاکستان سے مشترکہ منصوبوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے جس کا مقصد دونوں ممالک اور ان کے عوام کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے۔