اپوزیشن اتحاد کے رہنما محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہماری کانفرنس اُن کیخلاف ایف آئی آر ہے جنہوں نے ہمیں آئین کے دفاع سے روکا۔
بدھ کے روز اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماوں شاہد خاقان عباسی،عمر ایوب، اسدقیصر اور صاحبزداہ حامد رضا کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہماری کانفرنس اُن کیخلاف ایف آئی آر ہے جنہوں نے ہمیں آئین کے دفاع سے روکا، ہم کل ہر صورت کانفرنس کریں گے، کسی نے ہوٹل گرانا ہے یا گرفتار کرنا ہے تو کرلے۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہم آئین کے دفاع کی لڑائی لڑیں گے۔
اس موقع پر کانفرنس کے میزبان اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج اپوزیشن جماعتوں کی قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا، گزشتہ ہفتے سے کانفرنس کی جگہ تلاش کرتے رہے ہیں، پہلی جگہ پر اجازت نہ ملی ، پھر کہہ دیا گیا کہ کرکٹ ٹیم گزرے گی، پھر ایک مارکی بُک کرائی ، وہاں پر کانفرنس نہیں ہونے دی گئی، پھر نجی ہوٹل کی دو روز کیلئے بکنگ کرائی جہاں آج کانفرنس ہوئی۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج کانفرنس میں صحافی، وکلا اور دانشور بھی آئے ، قانون کی حکمرانی اور آئین پر بات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس بند کمرے میں تھی، حکومت اس کو بھی برداشت نہیں کرسکی ، ہوٹل انتظامیہ نے بتایا کہ اُنہیں کہا گیا اگر کانفرنس کی اجازت دی تو جرمانہ ہوگا ، یہ حکومت کانفرنس سے ڈرتی ہے، ہم کانفرنس ضرور کریں گے۔
عمر ایوب
قومی اسمبلی لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ آج کانفرنس میں ملک کے مستقبل کے بارے بات ہوئی ، ہم سب جمہوری لوگ ہیں، ملک کو مضبوط کرنے کی باتیں ہوئیں ، ہوٹل انتظامیہ نے کہا کہ اُن پر دباؤ ہے ، ہم اس مؤقف کو رد کرتے ہیں، ہم کل ضرور آئیں گے، ہم چیف جسٹس کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔
اسد قیصر
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہماری کانفرنس کا عنوان ہی آئین ہے، بلوچستان جل رہا ہے، جہاں علیحدگی پسند تنطیمیں سرگرم ہیں، سندھ میں حالات خراب ،پنجاب میں کچے کے ڈاکو نہیں سنبھل رہے، ہم آئین کے نیچے عوام کو اکٹھا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تحریک تو چلے گی، ہم کوئی غلام نہیں ہیں ، یہاں جنگل کا قانون نہیں، آپ نے کرکٹ، معیشت اور امن و امان کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔
صاحبزہ حامد رضا
سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ رات کہا تھا کہ پروگرام ضرور ہوگا، آج کوئی بات ریاست کے خلاف نہیں کی گئی ، ہم فیصلہ کرچکے، اس پر قائم رہیں گے، ہم محب وطن لوگ ہیں احساس محرومی ختم کرکے آگے بڑھنے کی بات کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ ہمیں پارلیمنٹ میں بات نہ کرنے دیں، سڑکوں اور سیمینار پر بات نہ کرنے دیں کیا ہم پاکستانی نہیں۔