اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر برائے پاور اویس لغاری سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے توانائی سیکٹر میں حکومتی اقدامات اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے ہائی کمشنر کو پاور سیکٹر میں اصلاحات اور پیشرفت سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ گھریلو اور صنعتی صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی کی گئی ہے جو صارفین کے لیے ریلیف کا باعث ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ گزشتہ سال ملک کی مجموعی بجلی پیداوار کا 55 فیصد متبادل ذرائع سے حاصل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اگلے 10 سال تک درآمدی ایندھن سے کوئی نیا پاور پلانٹ نہیں لگایا جائے گا جو ماحول دوست اور پائیدار توانائی کی طرف حکومتی عزم کا ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کی حکومتی اصلاحات کی تعریف کی اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔