سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ نظریہ ضرورت نے ہمارے نظام کو برباد کر دیا۔
اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد کے زیراہتمام " آئین کی بالادستی اورقانون کی حکمرانی" کےعنوان سے کانفرنس میں مقررین نے کہا کہ جب تک ملک میں سیاسی استحکام نہیں آتا معاشی استحکام ممکن نہیں ۔
محمود خان اچکزئی نے ملکی مسائل کی بڑی وجہ عوام کی حق حمکرانی میں عدم شمولیت کو قرار دیا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ انسان بنیادی طور پہ حق کی حکمرانی میں حصہ چاہتا ہے۔ اگست 1947 کو ملنے والی آزادی کے ثمرات نیچے تک نہیں گئے ہیں ہم نے اپنے لوگوں کو حق حکمرانی میں حصہ دار نہیں بنایا امن اور جسٹس جڑی ہوئی اصطلاحات ہیں جہاں انصاف ہوگا وہ امن ہوگا۔
کنوینر عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی کی موجودہ پارلیمنٹ میں ہونے والی قانون سازی پر کڑی تنقید کی کہا، قانون اور آئین میں ترمیم کی گئی ہے کہ عدل کے نظام کو کیسے ختم کیا جائے، پیکا کا لا بھی بنا ہے اور کالے قوانین بنے کہ کس طرح جلسے جلوسوں کو یہاں پر کنٹرول کیا جائے، رات کے اندھیرے میں آئینی ترمیم ہوئی ہے جو آئین کی روح سے متصادم ہے۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے الزام لگایا کہ اس کانفرنس کو روکنے کیلئے بھی حکومت نے آئین و قانون کی دھجیاں اڑائیں۔ تین وینیوز چینج ہو چکے ہیں ۔ میرے ساتھ ہمارے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ صاحب ہیں ان کے خلاف کل اریسٹ وارنٹ آ گئے ۔ یہاں پہ چند فر لانگ دور پارلیمنٹ بھی ہے اور یہاں پہ پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی کوئی نہیں چاہ رہا۔