راولاکوٹ میں یوتھ اینڈ میڈیا ورکشاپ منعقد کی گئی، جس میں نوجوان طلبہ و طالبات، صحافیوں اور سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
ورکشاپ کا مقصد ففتھ جنریشن وار، سوشل میڈیا کے مثبت و منفی اثرات، اور ڈِس انفارمیشن و مِس انفارمیشن جیسے اہم موضوعات پر آگاہی فراہم کرنا تھا۔
مقررین نے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن قوتیں سنسنی خیز اور گمراہ کن معلومات پھیلا کر عوام میں بے اعتمادی پیدا کر رہی ہیں۔
انہوں نے شام اور لیبیا جیسے ممالک کی مثالیں دیتے ہوئے وضاحت کی کہ ففتھ جنریشن وار کے تحت سوشل میڈیا کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ قومی بیانیے کو کمزور کیا جا سکے۔
ورکشاپ میں شرکاء نے گہری دلچسپی لی اور مقررین سے سوالات کیے، جن کے تسلی بخش جوابات دیے گئے۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے اس معلوماتی سیشن کے انعقاد پر پاک فوج اور حکومتِ آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں مزید ایسے پروگرامز منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔